واسا :اہم مشینری کا شارٹ فال

چودہ جیٹنگ مشین، چودہ سکشن مشین اور تین کرینوں کی ضرورت۔نئی مشینری خریدنے کافیصلہ 
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں سیور کلیننگ مشینری اور ڈی واٹرنگ سیٹ کی کمی کے باعث ہر سال مون سون میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔واسا کو دس ڈمپ ٹرک، پانچ بڑے اور تین  چھوٹے ایکسیویٹرز کی خستہ حالی کا سامنا ہے، جبکہ دو لانگ بوم، تین وہیل لوڈر اور پانچ ٹریکٹر ٹرالیاں بھی ناکارہ ہو چکی ہیں۔ چودہ جیٹنگ مشین، چودہ سکشن مشین اور تین کرین کی بھی شدید کمی ہے، جو نکاسی آب کے عمل میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔مشینری کی اس زبوں حالی کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے واسا کے لیے نئی مشینری کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔ واسا نے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مشینری کی پروکیورمنٹ کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے لیے مختلف ٹا ئونز کے لیے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔رواں مالی سال کے دوران گنج بخش ٹا ئون کے لیے 29 کروڑ، راوی ٹا ئون کے لیے 39 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی مشینری خریدی جا رہی ہے۔ شالیمار ٹا ئون کے لیے 29 کروڑ، عزیز بھٹی اور واہگہ ٹا ئون کے لیے 29 کروڑ 78 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ گلبرگ ٹا ئون کے لیے 20 کروڑ 88 لاکھ جبکہ اقبال ٹا ئون کے لیے 29 کروڑ 96 لاکھ روپے سے ڈی واٹرنگ سیٹ اور دیگر مشینری خریدی جائے گی۔