جے یو آئی نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج کا اعلان کردیا
سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے پیغام میں مولانا فضل الرحمٰن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی جنگ کے خلاف احتجاج کریں اور خطبا و آئمہ حضرات اپنے جمعہ کے خطبات میں اسرائیلی درندگی کو بے نقاب کریں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں بچوں، خواتین، اور جوانوں کی شہادتیں افسوسناک ہیں، اور اسرائیل نے امن کی فضا کو بدامنی میں تبدیل کر دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے عالمی برادری اور مسلم اُمّہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائیں اور اسرائیلی جارحیت کو روکا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں اسرائیلی مظالم انسانیت کے خلاف ہیں، اور پوری امت مسلمہ اس پر غم و غصے کا شکار ہے۔