لاہور:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ 9 مئی کو ملک بھر میں ’’یوم عزم‘‘ منایا جائے گا، جس میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور بھارت کی جارحیت کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بھارت کے حملے میں 30 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے ہیں، جن کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی قابل تحسین ہے، تاہم موجودہ حالات میں مزید ٹھوس اور واضح اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملہ کرنے کے بعد اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے تاکہ دشمن کی نسلیں یاد رکھیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائے اور ملکی یکجہتی کو یقینی بنائے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم بدلے کی منتظر ہے اور ہمیں صرف شہادتوں کا بدلہ چاہیے، ’’فیس سیونگ‘‘ نہیں۔ بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر حملہ کیا، افواج پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، قوم حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا رویہ یکساں ہے، اور اس وقت بھی بھارت اسرائیلی اسلحہ استعمال کر رہا ہے۔ غزہ پر قبضے کے خلاف سات یورپی ممالک کا موقف قابل تحسین ہے اور پاکستان کو بھی عالمی سطح پر جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومتی وزراء سے غیر ذمہ دار بیانات دینے سے گریز کی اپیل کی اور کہا کہ پاکستان کا مقدمہ بین الاقوامی میڈیا پر پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے پر قائم ہے، جو ہمیشہ نفرت کو فروغ دیتا ہے، اور مودی کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت فنڈنگ کر رہا ہے اور وہاں کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھ کر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ پانی کے مسئلے پر بھی بھارت آبی دہشت گردی کر رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ نوازشریف کھل کر بھارت کی مذمت کریں اور حکومت فوری طور پر اے پی سی بلا کر قومی قیادت کو ایک صفحے پر لائے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں امریکا یا بھارت کے خلاف بات کرنے سے گریز کر رہی ہیں، جو کہ قومی مفاد کے خلاف ہے۔دوسری جانب، پاکستان بار کونسل نے بھی بھارتی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان بار کونسل شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کرتی ہے، بار ایسوسی ایشنز کل ہڑتال سمیت قراردادیں منظور کرے گی اور بار کونسل کی ہدایت پر ملک بھر میں وکلا برداری ریلیاں نکالے گی۔پاکستان بار کونسل نے اقوام متحدہ سے بھارتی جارحیت پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کی شہادت پر قانونی برادری نے افسوس کا اظہار کیا۔