عمر ایوب نے کہا کہ ملک کی موجودہ حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے اور حکومت اپوزیشن کے اتحاد سے خوف زدہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے درمیان پہلے بہت بڑی خلیج تھی، لیکن جمہوریت کے لیے دونوں جماعتوں نے مل کر بات چیت کی۔ عمر ایوب کے مطابق، جے یو آئی کے ساتھ بات چیت میں کافی سفر طے کر لیا گیا ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ اگر حکومت نے دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کی تو کیا وہ اسے قبول کریں گے، تو عمر ایوب نے جواب دیا کہ پچھلے مذاکرات میں حکومت نے کہا تھا کہ وہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروا سکتے، اور وہ جانتے ہیں کہ حکومت کے پاس کیا اختیار ہے۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کچھ نہیں ہے، اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے پہلے بھی مذاکرات ہوئے لیکن حکومت نے ان کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔