مولانا فضل الرحمان کا بیان ان کی جماعت کا سیاسی مؤقف ہے، متحدہ مدارس کونسل

مولانا فضل الرحمان کا بیان ان کی جماعت کا سیاسی مؤقف ہے، متحدہ مدارس کونسل

اسلام آباد: متحدہ مدارس کونسل نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ان کی جماعت کا سیاسی مؤقف ہے اور اسے مدارس کی نمائندہ تنظیم کا موقف نہ سمجھا جائے۔

جاری کردہ بیان میں متحدہ مدارس کونسل نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی رائے ان کی جماعت کا ذاتی اور سیاسی مؤقف ہے، جس کی نمائندگی متحدہ مدارس کونسل نہیں کرتی۔کونسل کے ترجمان میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ تنظیم کا مؤقف اس حوالے سے بالکل واضح ہے اور اسے کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کے بیان سے منسلک نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہدا اور غازی پوری قوم کے ہیرو اور باعثِ فخر ہیں، جبکہ ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔ترجمان نے مزید کہا کہ شہدا کی قربانیوں کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی بیانیہ ناقابلِ قبول ہے اور ایسے بیانات قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔میر آصف اکبر قادری کا کہنا تھا کہ مدارس، مساجد، علما اور طلبہ کا ریاست مخالف سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں اور دینی مدارس ہمیشہ ملک میں امن، استحکام اور دینی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مدارس، مساجد اور علما کا نام سیاسی مقاصد یا انتخابی مہمات میں استعمال کرنا مناسب نہیں اور اس سے گریز کیا جانا چاہیے۔متحدہ مدارس کونسل کے اس بیان کو حالیہ سیاسی بیانات پر سامنے آنے والے ردعمل کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں تنظیم نے اپنے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے سیاسی معاملات سے الگ رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔