دریائے چناب میں پانی بڑھنے لگا، پنڈی بھٹیاں کے قریبی علاقوں میں الرٹ جاری

دریائے چناب میں پانی بڑھنے لگا، پنڈی بھٹیاں کے قریبی علاقوں میں الرٹ جاری

پنڈی بھٹیاں میں دریائے چناب کے پتن والا مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث دریا کے قریبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں، ضروری سامان اور مشینری تیار رکھی گئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریا کے قریبی علاقوں اور نشیبی آبادیوں میں ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کے لیے دو روزہ ریلیف کیمپ قائم کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریائے چناب، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور پانی کی سطح میں مزید اضافے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔دوسری جانب ریسکیو اداروں نے بھی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔