عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل کی رنگا رنگ تقریب میں اپنی شاندار پرفارمنس سے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ آج بھی دنیا کی مقبول ترین فنکاراؤں میں شامل ہیں۔
ورلڈ کپ فائنل کے ہاف ٹائم شو کے دوران شکیرا نے معروف افریقی گلوکار برنا بوائے کے ساتھ اسٹیج پر پرفارم کیا، جہاں ان کی توانائی، آواز اور دلکش انداز نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین اور دنیا بھر میں دیکھنے والے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔اس موقع پر شکیرا نے معروف فیشن ڈیزائنر روبرٹو کاوالی کا تیار کردہ خصوصی لباس زیب تن کیا، جو سوارووسکی کرسٹلز سے مزین تھا۔ ان کے منفرد انداز اور شاندار پرفارمنس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔سوشل میڈیا صارفین نے شکیرا کی پرفارمنس کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت اور خوبصورتی کی بھی بھرپور تعریف کی۔ کئی مداحوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکیرا 49 سال کی عمر میں بھی پہلے کی طرح پرجوش، خوبصورت اور اسٹیج پر متاثر کن نظر آتی ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ یقین کرنا مشکل ہے کہ شکیرا کی عمر 49 سال ہے، جبکہ ایک اور مداح نے انہیں "ایج لیس" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ ان کی شخصیت مزید نکھرتی جا رہی ہے۔ کئی صارفین نے ان کی آواز، رقص اور پرفارمنس کو بھی سراہا۔
پرفارمنس کے بعد شکیرا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں، برنا بوائے، گھیتو کڈز اور اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے عالمی ایونٹ میں پرفارم کرنا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ ہے۔واضح رہے کہ شکیرا اس سے قبل بھی فیفا ورلڈ کپ کے بڑے ایونٹس میں اپنی پرفارمنس دے چکی ہیں۔ وہ 2006ء، 2010ء اور 2014ء کے ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی اپنی موسیقی کا جادو جگا چکی ہیں، جبکہ 2010ء کے ورلڈ کپ کا مشہور گانا "واکا واکا" آج بھی فٹبال شائقین میں مقبول ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل کی افتتاحی اور ہاف ٹائم تقریبات میں شکیرا کے علاوہ دیگر عالمی فنکاروں نے بھی پرفارم کیا، جس سے یہ تقریب دنیا بھر میں موسیقی اور کھیل کا ایک بڑا شو بن گئی۔