ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف اداکار اور گلوکار فواد خان نے طویل عرصے بعد شاندار انداز میں گلوکاری کی دنیا میں واپسی کرلی، اور مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
راک بینڈ ای پی سے ویلو ساؤنڈ اسٹیشن تک
فواد خان، جنہوں نے اپنی گلوکاری کا آغاز راک بینڈ ای پی (Entity Paradigm) سے کیا تھا، اب ویلو ساؤنڈ اسٹیشن کے پلیٹ فارم سے ایک نیا گانا ’’پروانہ‘‘ لے کر آئے ہیں۔
گانے کا موضوع اور ویڈیو
گانے کے بول محبت، دھوکے اور پچھتاوے کے جذبات پر مبنی ہیں۔ویڈیو میں فواد خان ایک پشیمان عاشق کے روپ میں بارش میں بھیگی یادوں کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔گانے کی ویڈیو کی ہدایتکاری بلال لاشاری نے کی ہے۔
مداحوں کا ردعمل
ای پی کے پرانے مداح فواد خان کو دوبارہ مائیک پر دیکھ کر بے حد پرجوش ہیں۔ایک مداح نے کہا: ’’ای پی کا لیجنڈ واپس آ گیا ہے‘‘۔کسی نے تبصرہ کیا: ’’فواد خان کو چمکنے کے لیے بالی وڈ کی ضرورت نہیں، اس کا ٹیلنٹ ہی کافی ہے‘‘۔
گلوکاری کا نیا باب
فواد خان کی یہ واپسی نہ صرف مداحوں کے لیے خوشی کا باعث بنی بلکہ ان کے فنی سفر کا نیا باب بھی ہے۔ ویلو ساؤنڈ اسٹیشن کو مداحوں نے اس بات پر خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے ایک بار پھر فواد خان جیسے لیجنڈ کو گلوکاری کے میدان میں واپس لانے کا موقع فراہم کیا۔