عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ 2026 سے منسلک ہوگئی ہیں، اور ان کے نئے آفیشل گانے ’ڈائے ڈائے‘ نے شائقین میں جوش بھر دیا ہے۔
شکیرا نے اپنے سوشل میڈیا پر اس گانے کا ٹیزر جاری کیا ہے، جس میں نائجیریا کے معروف گلوکار برنا بوائے کے ساتھ شامل ہیں۔ مکمل ریلیز 14 مئی کو متوقع ہے۔ گانے کی ویڈیو برازیل کے ماراکانا اسٹیڈیم میں فلمائی گئی ہے، جہاں شکیرا رنگ برنگے ڈانس کے ساتھ دنیا بھر کے فٹبال فینز کا جذبہ جگا رہی ہیں۔ اس سے قبل 2010 کے ورلڈ کپ کے دوران ان کا گانا ’واکا واکا‘ بہت مقبول ہوا تھا، اور اب بھی اسے یادگار گانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ نئے گانے میں ماضی کے ورلڈ کپ کے فٹبالز کی جھلک بھی شامل ہے، جو شکیرا کے ورلڈ کپ سے دیرینہ تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس واپسی کو ’آئیکونک‘ قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ ورلڈ کپ اور شکیرا ایک دوسرے کے بغیر مکمل نہیں۔ یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر ہوگا، اور اس بار ایک خاص ہاف ٹائم شو بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کی میوزیکل نگرانی کولڈ پلے کے کرس مارٹن کریں گے۔ یہ ورلڈ کپ کھیل کے ساتھ ساتھ عالمی موسیقی اور پاپ کلچر کا بھی جشن ثابت ہونے کا امکان ہے۔