بچپن میں لاپتہ ہونیوالی خاتون کی 35 سال بعد والدہ سے ملاقات

چین(نیٹ نیوز) اپنی مثال آپ ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون کی 35 سال بعد اپنے اصل خاندان سے ملاقات ہو گئی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ ڑونگ فینگلِن 1991ء میں صرف 2 سال کی عمر میں ایک بازار سے لاپتہ ہو گئی تھیں جہاں ان کے والد سبزیاں فروخت کرتے تھے۔رپورٹس کے مطابق بچی ہجوم میں راستہ بھٹک کر دوسرے بازار پہنچ گئی تھی جہاں ایک کپڑوں کی دکاندار خاتون نے اسے روتے ہوئے پایا، اہلِ خانہ کی تلاش کی کوششوں کے باوجود بچی کے والدین نہ مل سکے جس کے بعد خاتون اسے اپنے ساتھ دوسرے شہر لے گئیں اور بچی کی پرورش کی۔دوسری جانب ڑونگ فینگلِن کے والدین نے برسوں تک ان کی تلاش جاری رکھی، ان کی چھوٹی بہن نے لاپتہ بچوں کو خاندانوں سے ملانے والے ایک فلاحی پلیٹ فارم پر ان کا اندراج بھی کروایا، ڑونگ کے والد 2024ء￿  میں انتقال کر گئے تاہم ان کی اپنی بیٹی سے دوبارہ ملنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔حال ہی میں ڑونگ فینگلِن نے بھی اپنی شناخت کی تلاش کے لیے رجسٹریشن کروائی، ایک خاتون نے ان کی تصویر دیکھ کر شبہ ظاہر کیا کہ وہ ان کے خاندان کی گمشدہ بیٹی ہو سکتی ہے، بعد ازاں ڈی این اے ٹیسٹ نے خاندانی تعلق کی تصدیق کر دی۔7 جولائی کو ڑونگ فینگلِن اپنے آبائی شہر پہنچیں جہاں انہوں نے اپنی والدہ کو گلے لگا کر جذباتی انداز میں کہا کہ مجھے کبھی امید نہیں تھی کہ میں اس زندگی میں دوبارہ اپنی ماں کو دیکھ سکوں گی۔ڑونگ فینگلِن کا کہنا ہے کہ میں اب اپنے اصل خاندان کے ساتھ وقت گزاروں گی اور باقاعدگی سے ان سے ملاقات کرتی رہوں گی۔