سپلائی بند، چینی بحران برقرار

نئی سرکاری قیمت پر شوگر ملز،ہول سیل ڈیلرز ، بروکرز ، کریانہ مرچنٹس میں اختلافات ،اسلام آبادمیں مہنگائی پر19گرفتار
اسلام آباد،لاہور(خصوصی رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب میں چینی بحران پھر سراٹھانے لگا، چینی کی نئی سرکاری قیمت پر شوگر ملز، بروکرز، ہول سیل ڈیلرز اور کریانہ مرچنٹس میں شدید اختلافات کے باعث ڈیلرز نے چینی کی سپلائی بند کر دی ہے اور چینی بدستور 200 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے ،ڈیلرز ،بروکرز اورکریانہ مرچنٹس کا کہنا ہے کہ شوگر ملز چینی 165 روپے سرکاری قیمت کے بجائے 176 روپے کلو چینی فراہم کرتی ہیں لہٰذا جب تک 165 روپے کلو چینی شوگر ملز نہیں دیں گی چینی کی ملز سے فروخت اور پنجاب میں سپلائی بند رہے گی۔گزشتہ 4 روز سے شوگر ملز سے چینی کا حصول بند ہوگیا ہے۔کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کا مئوقف ہے کہ وہ 176 روپے چینی خرید کر 173 روپے کلو فروخت نہیں کر سکتے، 165 روپے ایکس ملز قیمت پر پرچون منافع صرف8 روپے رکھا گیا ہے جو بہت کم ہے۔ ایک کلو چینی پر ہمارا خرچہ 10 روپے ہے، اسلئے سرکاری جو مرضی قیمت ہو پرچون منافع 12 روپے فی کلو مقرر کیا جائے۔ دوسری صورت میں جو چینی سٹاک موجود ہے وہ تین سے چار دن میں ختم کر کے صوبہ بھر میں چینی فروخت مکمل بند کر دی جائے گی۔ ادھر اسلام آبادمیں مہنگی چینی فروخت کرنے پر 19کوگرفتارکرلیاگیا، اے سی نیلور کی جانب سے 5 دکانیں سیل، 11 افراد کو گرفتار کیاگیا جبکہ اے سی صدر کی جانب سے دکانداروں کوگرفتارکروایاگیا۔ ڈی سی کائونٹرز پر تمام اشیا ضروریہ نہ رکھنے پر معروف مارٹ کے مینیجرکوبھی گرفتارکیاگیا۔