اندھا قتل، گلا کٹی لاش کا ملزم گرفتار کر لیا گیا

ملزم یاسر نے اسرائیل کو زیادتی کی ویڈیو کے رنج میں مارا
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی بلال احمد نے سٹی ڈویڑن ہیڈکوارٹر لوہاری گیٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بادامی باغ چند روز قبل ڈرم میں سے تشدد زدہ گلا کٹی لاش ملی۔ سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں ایس پی سٹی بلال احمد کی سربراہی میں اندھے قتل کے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی۔ ڈی ایس پی بابر انصاری، ایس ایچ او بادامی باغ محمد رمضان، سب انسپکٹر  عدنان، سب خالد، اے ایس آئی ساجد، اے ایس آئی شاہد اور اہلکار ابرار اور ندیم پر مشتمل ٹیم نے 36 گھنٹوں میں ملزم کو ٹریس کر لیا۔ ملزم یاسر خان قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا اور لوکیشن بدلتا رہا۔ بادامی باغ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین ریسورس کی مدد سے ملزم کو کے پی کے لنڈی کوتل سے گرفتار کیا۔ ملزم نے 55 سالہ مقتول اسرائیل کا گلا کاٹا اور رومال سے گلا دبا دیا تاکہ آواز باہر نہ نکل سکے۔ ملزم لاش کو ڈرم میں چھپا کر موقع سے فرار ہو گیا۔ مقتول نے بادامی باغ کے ایریا میں بچوں سے الگ کوارٹر لے رکھا تھا۔ ملزم نے زیادتی اور اس کی ویڈیو بنانے کے رنج پر قتل کیا۔ مزید تحقیقات عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کیا گیا۔ اندھے قتل کے ملزم کی گرفتاری پر ٹیم کے تمام اہلکاروں کو شاباش اور تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا گیا ہے۔ سنگین وارداتوں میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔