نئی دہلی(آئی این پی ) بھارت میں کئی سال تک نیہا بن کر رہنے والے بنگلادیشی شہری عبدالکلام کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عبدالکلام 10 سال کی عمر میں بنگلادیش سے بھارت آیا تھا اور تقریبا 20 سال وہ ممبئی میں رہا جس کے بعد وہ بھوپال میں منتقل ہوگیا جہاں اس نے اپنی شناخت ایک ٹرانسجینڈر خاتون کے طور پر رجسٹر کروالی اور نیہا کے نام سے رہنے لگا۔ وہ مقامی خواجہ سراء کمیونٹی کا بھی حصہ بن گیا تھا۔عبدالکلام نے بھارتی شہری کے طور پر تمام قانونی دستاویزات بھی حاصل کرلیں جن میں راشن کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ اور پاسپورٹ بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق عبدالکلام نے بھارتی پاسپورٹ کے ذریعے بنگلا دیش کے کئی چکر بھی لگائے، اس دوران کبھی بھی اس پر شک نہیں کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے عبدالکلام کو ایک خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا۔ اس کے خلاف بھارت میں غیر قانونی داخلہ، جعلسازی، اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اب اس سے تفتیش جاری ہے۔