ممبئی (آئی این پی)بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے میوزک ریئلٹی شوز کو فیک قرار دینے والی ساتھی گلوکارہ سنیدھی چوہان کو دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنہیں انگور نہیں ملتے انہیں انگور کھٹے ہی لگتے ہیں۔بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں نیہا ککڑ سے جب میوزک ریئلٹی شوز کے پہلے سے طے شدہ ہونے سے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے اس تاثر کو یکسر مسترد کردیا۔گلوکارہ نیہا ککڑ نے کہا کہ ان میوزک ریئلٹی پروگرامز میں دکھائے جانے والے جذبات اور امیدواروں کی مشکلات محض اداکاری نہیں ہوتیں۔ یہ کوئی ڈراما نہیں بلکہ حقیقی اور حساس جذبات ہوتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ریئلٹی شوز میں آنے والے زیادہ تر امیدوار چھوٹے شہروں سے تعلق رکھتے ہیں اور کامیابی تک پہنچنے کے لیے کئی مشکلات سے گزرتے ہیں اس لیے ان کی جدوجہد کو محض ایک بنائی ہوئی کہانی قرار نہیں دیا جا سکتا۔نیہا ککڑ نے کسی کا نام لیے بغیر طنزیہ انداز میں کہا کہ انگور نہ ملیں تو کھٹے ہیں، جسے انگور نہیں ملتے اسے کھٹے ہی لگتے ہیں۔