پنجاب میں سکول آن وہیل وموبائل لائبریری شروع کرنے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ نے منظوری دیدی

 سکول آن وہیل دوردراز اور دشوار گزار علاقوں میں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریگا، الیکٹرک رکشے میں بنایا جائیگا، چھت پر سولر پینل لگائے جائیں گے
 لائبریری آن وہیل مختلف علاقوں میں جا کر بچوں کو کتابیں پڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی، کارٹون سے مزین منی وین میں قائم کی جائیں گی،وزیرتعلیم
لاہور(آئی این پی )پنجاب میں سکول آن وہیل، موبائل لائبریری آن وہیل اورموبائل لائبریری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سکول آن وہیل کی اصولی منظوری دے دی۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکول آن وہیل، لائبریری آن وہیل اور دیگر منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ سکول آن وہیل دوردراز اور دشوار گزار علاقوں میں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرے گا، سکول آن وہیل الیکٹرک رکشے میں بنایا جائے گا، رکشے کی چھت پر سولر پینل لگائے جائیں گے، سکول آن وہیل میں موجود ٹیچرکسی گلی محلے یا بستی میں چھتری نما سائبان کے نیچے فولڈنگ کرسیاں لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکول آن وہیل میں پڑھنے والے بچوں کو کتابیں بھی مہیا کی جائیں گی، سکول آن وہیل میں ننھے بچوں کی دلچسپی کیلئے پینٹنگ کا سامان بھی موجود ہوگا، سکول آن وہیل میں چھوٹے بچوں کی دلچسپی کیلئے مختلف ایجوکیشنل ٹوائز بھی رکھے جائیں گے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بچوں کیلئے لائبریری آن وہیل پراجیکٹ بھی شروع کرے گا، لائبریری آن وہیل مختلف علاقوں میں جا کر بچوں کو کتابیں پڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔مزید بتایا گیا کہ لائبریری آن وہیل کے ذریعے بچوں کو نصاب کے علاوہ دیگر کتابیں بھی مہیا کی جائیں گی، لائبریری آن وہیل کارٹون سے مزین منی وین میں قائم کی جائیں گی، لائبریری آن وہیل کو کسی بھی میدان،گرائونڈ یا کھلی جگہ پر سٹیشن کیا جاسکے گا۔دوران بریفنگ بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے "پڑھو گے تو بڑھو" کے ویژن کے مطابق موبائل لائبریری پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا، جدید ترین بس کے اندرقائم موبائل لائبریری میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے چیئرز اورٹیبل بھی میسر ہوں گی، موبائل لائبریری میں اردو ،انگلش اور سائنس کی بکس کے علاوہ میگزین بھی رکھے جائیں گے۔