حادثے کی ذمہ دار حکومت اور میئر ،کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا
شفاف انکوائری ،نئیفائر اسٹیشنز بنائے جائیں،حلیم عادل و دیگر کی پریس کانفرنس
کراچی (خصوصی رپورٹ)سانحہ گل پلازہ پر تحریک انصاف، مختلف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے 23 جنوری بعد از نمازِ جمعہ گل پلازہ کے سامنے بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ گل پلازہ کے باہر پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سانحے کو چار دن گزرنے کے باوجود متاثرین کے اہلِ خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، ملبہ ابھی تک نہیں ہٹایا گیا اور لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں 100 سے زائد افراد آگ کی نذر ہوئے، جس کی ذمہ داری سندھ حکومت اور میئر کراچی پر عائد ہوتی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے شہید فائر فائٹرز کو خراج عقیدت اور ریسکیو اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ عوام اگر ظلم بند کروانا چاہتے ہیں تو احتجاج کرنا ہوگا۔ جتنا زیادہ احتجاج ہوگا، مسائل اتنے ہی جلد حل ہوں گے اور کراچی اب خاموش نہیں بیٹھے گا۔ پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے آگ بجھانے میں مکمل ناکامی کا مظاہرہ کیا جبکہ کراچی کے صدر راجہ اظہر نے کہا کہ شہر گزشتہ 19 سال سے لاوارث ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے اسے تباہ کر دیا ہے۔ نہ ریسکیو ہوا نہ ریلیف اور کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ پریس کانفرنس میں سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے گل پلازہ کے تمام متاثرہ دکانداروں کو فوری مکمل معاوضہ دینے پلازہ کی تعمیرِ نو کرنے کا مطالبہ کیا، ایک ہفتے کے اندر آزاد اور شفاف انکوائری مکمل کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ شہر میں کم از کم 25 نئے فائر اسٹیشنز کے قیام، کمرشل عمارتوں کے جامع فائر سیفٹی آڈٹس، فائر بریگیڈ کی تنظیمِ نو، فیلڈ عملے کے انشورنس اور کراچی کے انفرااسٹرکچر کی فوری بہتری کا بھی مطالبہ کیا گیا۔