گورو نانک کالج ننکانہ میں لوہڑی تہوار منایاگیا

 ننکانہ صاحب( خصوصی رپورٹ)گورنمنٹ گورو نانک گریجویٹ کالج ننکانہ صاحب میں پنجابی ثقافت کے خوبصورت تہوار لوہڑی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ کالج کے شعبہ پنجابی اور تاریخ کے زیرانتظام ہونے والی لوہڑی کی تقریب میں کالج پرنسپل اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔، پرنسپل ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے اپنے خطاب میں لوہڑی کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت آجاگر کی اور نوجوان نسل کو اپنی مادری زبان اور ثقافت سے ج?ڑے رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تہوار طلبہ میں اتحاد، محبت اور ثقافتی شعور پیدا کرتے ہیں۔ لوہڑی پنجابی تہذیب کا ایک قدیم اور اہم تہوار ہے، جو فصل کی تیاری،محنت کش ،کسانوں اور فطرت کے ساتھ شکرگزاری کا اظہار ہے۔ اس موقع پر طلبہ نے پنجابی ثقافت کے ساتھ جڑی سرگرمیوں میں بھرپور حصّہ لیا۔ تقریب میں لوک گیت، بولیاں، تقاریر اور ثقافتی رنگ نمایاں نظر آیا، جنہوں نے پنجابی ورثے کو زندہ کر دیا، شعبہ تاریخ کے اسسٹنٹ پروفیسر اور وائس پرنسپل اکیڈیمک محمد حسن رائے نے لوہڑی کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شعبہ پنجابی کے معلم سردار مدن سنگھ نے لوہڑی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں پیار و محبت ،امن اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لئے ہمارے پنجابی تہوار صدیوں سے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔