بلوچستان :بارش ،مختلف واقعات میں بچہ جاں بحق ، 12 زخمی

دو روز سے بارش ، برفباری جاری ،قومی شاہراہوں پر پھسلن سے گاڑیوں کی ٹکریں
بچہ دیوارگرنیپر چل بسا، بلوچستان،پختونخوا ، کشمیر،گلگت بلتستان میں آج مزید بارش 
کوئٹہ،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )بلوچستان کے 18 اضلاع میں دو روز سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ، اس دوران مختلف واقعات میں ایک بچہ جاں بحق اور 12افراد زخمی ہو گئے۔صوبائی حکومت کے کنٹرول روم کے مطابق زیارت میں برفباری میں پھنسنے والی گاڑی سے سیاحوں کو نکال کر ریسٹ ہاؤس منتقل کیا گیا۔ بولان میں این65 شاہراہ پرپھسلن سیکار اور ٹرک میں ٹکر ہوگئی جس سے 7 افراد زخمی ہوگئے۔کان مہتر زئی، خانوزئی اور بوستان میں بھی قومی شاہراہوں پر پھسلن سے کئی گاڑیاں ٹکرا گئیں۔کھوجک ٹاپ این 25 پرگاڑیاں ٹکرانے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ رحمن کہول روڈ پر خستہ حال دیوار گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ ، چاغی میں مزید بارش اور ہلکی برفباری جبکہ بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیراورگلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کاامکان ہے ۔ صبح اور رات کوپنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دْھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونحوا اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری ہوئی۔ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی دْھند چھائی رہی۔ گزشتہ روزوادی لہہ میں کم ازکم درجہ حرارت منفی 8،گوپس منفی 6، سکردو، مالم جبہ منفی 5، بگروٹ، پاراچنار میں منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔