کراچی: گارڈن سے لاپتہ بچوں کا 6 دن بعد بھی سراغ نہیں مل سکا

کراچی: گارڈن سے لاپتہ بچوں کا 6 دن بعد بھی سراغ نہیں مل سکا

کراچی کے علاقے گارڈن سے لاپتہ ہونے والے 2 بچوں کا 6 روز بعد بھی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق بچوں کی آخری لوکیشن لیاری کشتی چوک تک آئی تھی اور سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پولیس نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن بھی کیے ہیں اور 5 رکنی کمیٹی کو بچوں کی بازیابی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ منظرِ عام پر آنے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں ایک خاتون اور مرد بچوں کو لے جاتے ہوئے نظر آئے ہیں، تاہم ویڈیو میں واضح شناخت نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان اور موٹرسائیکل کی شناخت نہیں ہو سکی۔

 پولیس نے موٹرسائیکل کی تفصیلات کے لیے اے وی ایل سی سی سے بھی رابطہ کیا ہے۔6 روز قبل، 14 جنوری کو گارڈن حسن لشکری محلہ سے 5 سالہ علیان اور 6 سالہ علی رضا کو مبینہ طور پر اغواء کیا گیا تھا۔ دونوں بچوں کے اہلخانہ نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا تھا، لیکن ابھی تک بچوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔ دونوں بچے پڑوسی ہیں۔