علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار، عدالت کا اظہار برہمی

علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار، عدالت کا اظہار برہمی

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور ان کی گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

سینئر سول جج مبشر حسن چشتی کی زیر صدارت کیس کی سماعت ہوئی، جہاں علی امین گنڈاپور کی جانب سے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہر تاریخ پر استثنیٰ کی درخواست دینا اور ملزم کو پیش نہ کرنا عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ متعدد بار وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود تعمیل کی رپورٹ پیش نہیں کی گئی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کی گئی۔عدالت نے 29 جنوری تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے، جس میں ان پر شراب اور اسلحہ کی برآمدگی کا الزام ہے۔