مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان، ثقافت اور ورثے کی سب سے قیمتی علامت ہوتی ہے: مریم نواز

مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان، ثقافت اور ورثے کی سب سے قیمتی علامت ہوتی ہے: مریم نواز

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مادری زبان کسی بھی قوم کی شناخت، ثقافت اور ورثے کی سب سے قیمتی علامت ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشوونما پر مثبت اثر ڈالتی ہے اور زبانوں کی ترقی، تحقیق اور فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ زبان نہ صرف جذبات کے اظہار کا ذریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہوتی ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، اور یہ ہماری تہذیبی و ثقافتی میراث کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ زبان ایک سماجی عطیہ ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتا ہے اور دنیا بھر میں ثقافتی، تاریخی اور سماجی روایات کے بارے میں آگاہی پیدا کرتی ہے۔

مادری زبان کا تحفظ ہماری ثقافتی خودمختاری اور فکری آزادی کی ضامن ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر کو مادری زبانوں کے تحفظ اور ترقی کے لیے مزید فعال کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت مادری زبانوں کی ترقی اور ترویج کے لیے پرعزم ہے، اور نئی نسل کو اپنی مادری زبان کے ساتھ جوڑ کر ان کی ثقافت اور تاریخ سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔