ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے پاناما میں ایک ہزار سال سے زائد قدیم مقبرہ دریافت کیا ہے، جس سے خطے کی قدیم تہذیبوں کے سماجی ڈھانچے اور تدفینی رسومات پر نئی روشنی پڑی ہے۔ اس مقبرے سے انسانی باقیات کے ساتھ سونے کے زیورات اور نقش و نگار سے مزین مٹی کے برتن بھی برآمد ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کھدائی کی سربراہی کرنے والی ماہرِ آثارِ قدیمہ نے تصدیق کی کہ یہ دریافت El Caño Archaeological Site پر ہوئی، جو ضلع ناتا میں واقع ہے اور دارالحکومت Panama City سے تقریباً 200 کلومیٹر جنوب مغرب کی جانب واقع ہے۔ یہ مقام طویل عرصے سے ماہرین کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔
ماہرین اور سائنسدان گزشتہ دو دہائیوں سے اس علاقے میں باقاعدہ کھدائی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی یہاں ہسپانوی نوآبادیاتی دور سے پہلے کی مقامی تہذیبوں سے متعلق اہم آثار اور قبریں دریافت ہو چکی ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ علاقہ آٹھویں سے گیارہویں صدی عیسوی کے درمیان ایک منظم اور بااثر معاشرے کا مرکز تھا۔
حالیہ دریافت ہونے والے مقبرے کے بارے میں ماہرِ آثارِ قدیمہ کا کہنا ہے کہ یہ 800 سے 1000 عیسوی کے درمیان تعمیر کیا گیا۔ قبر میں موجود انسانی ڈھانچہ سونے کی متعدد اشیاء اور روایتی علامتی نقوش سے سجے مٹی کے برتنوں سے گھرا ہوا تھا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مدفون شخص معاشرے میں اعلیٰ سماجی حیثیت رکھتا تھا۔
برآمد ہونے والی اشیاء میں دو کنگن، دو بالیاں اور سینے پر پہننے والے زیورات شامل ہیں۔ ان زیورات پر چمگادڑ اور مگرمچھ کی تصاویر نقش تھیں، جو اس دور کی مذہبی یا ثقافتی علامتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسے جانور اکثر طاقت، روحانی عقائد یا قبائلی شناخت کی علامت سمجھے جاتے تھے۔
El Caño Archaeological Site اُن معاشروں سے منسلک ہے جو پاناما کے وسطی صوبوں میں آباد تھے اور جنہوں نے پیچیدہ تدفینی رسومات اور سماجی درجہ بندی کا نظام قائم کر رکھا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مقام پر تقریباً 200 برس تک اپنے مردوں کو دفنایا جاتا رہا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک اہم مذہبی یا سماجی مرکز تھا۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق اس سے قبل بھی اسی مقام سے نو دیگر مقبرے دریافت ہو چکے ہیں، جو ساخت اور تدفینی اشیاء کے اعتبار سے حالیہ دریافت سے مشابہت رکھتے ہیں۔ نئی دریافت نہ صرف اس قدیم تہذیب کے سماجی ڈھانچے کو سمجھنے میں مدد دے گی بلکہ وسطی امریکہ کی قبل از کولمبس تاریخ کے حوالے سے بھی اہم معلومات فراہم کرے گی۔