نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع چترکوٹ کی عدالت نے ایک سنگین کیس میں کمسن بچوں کی غیر قانونی ویڈیوز بنانے اور انہیں ڈارک ویب پر فروخت کرنے کے الزام میں میاں بیوی مجرمان کو سزائے موت سنائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، خصوصی عدالت نے طویل سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا، جس میں مجرمان کے خلاف سخت سزا دی گئی ہے۔ عدالت نے متاثرہ بچوں کے خاندانوں کو بھی فی کس 10 لاکھ روپے کے معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔کیس کی تحقیقات سی بی آئی نے انجام دی، جنہوں نے 2020 میں ملزمان کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے مطابق، ملزمان 5 سے 16 سال کے بچوں کو ورغلا کر ان پر تشدد کرتے اور ان کی ویڈیوز بنا کر خفیہ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بیچتے تھے۔ملزمان کے گھر کی تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں الیکٹرانک ڈیوائسز اور غیر قانونی مواد برآمد ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں 33 متاثرہ بچوں کی شناخت بھی ہوئی ہے، جن کے ساتھ یہ انتہائی گھناؤنا جرم انجام دیا گیا تھا۔