اڈیالہ جیل میں سحری کے وقت ‘پراٹھا‘ انڈا، چکن، دال ‘ سبزی

افطار کیلئے ۔ قیدیوں کو کھجور ‘ دودھ ملا شربت ‘ سموسے، چکن اور دال چاول فراہم کئے جائیں گے
 راولپنڈی(آئی این پی ) رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر  اڈیالہ جیل میں بھی پنجاب کی دیگر جیلوں کی طرح سحر و افطار کیلئے   خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی  ۔ذرائع کے مطابق سحری کے وقت قیدیوں کو متوازن اور معیاری خوراک فراہم کی جائے گی تاکہ وہ دن بھر کے روزے کے دوران توانائی برقرار رکھ سکیں۔ سحری میں روٹی اور پراٹھا کے ساتھ انڈا، چکن، دال اور سبزی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ چائے کا بھی باقاعدہ اہتمام کیا گیا ہے تاکہ قیدی سحری مکمل سہولت کے ساتھ کر سکیں۔افطار کے وقت بھی خصوصی مینو ترتیب دیا گیا ہے۔ قیدیوں کو کھجور فراہم کی جائے گی جو سنت کے مطابق روزہ کھولنے کا اہم جزو ہے۔ اس کے ساتھ دودھ ملا شربت دیا جائے گا تاکہ جسم میں فوری توانائی بحال ہو سکے۔ مزید برآں سموسے، چکن اور دال چاول بھی افطار کا حصہ ہوں گے۔ ہفتے میں تین دن گوشت کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا تاکہ خوراک میں تنوع برقرار رہے۔ جیل مینول کے مطابق اشیا ہفتے کے متبادل دنوں میں فراہم کی جائیں گی۔