سیشن عدالت نے وزیراعظم کو18جولائی کو ویڈیولنک پرجرح کیلئے پیش ہونے کا حکم دیدیا‘ لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا: وکیل بانی پی ٹی آئی کا موقف
لاہور(یواین پی)لاہور کی سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 10ارب ہرجانے کے دعویٰ کے مقدمے میں وزیراعظم شہباز شریف کو18جولائی کو ویڈیولنک پرجرح کیلئے پیش ہونے کاحکم دیدیا، ایڈیشنل سیشن جج لاہور یلماز غنی نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کے دعویٰ میں وزیراعظم کی لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظوری کا پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔فیصلے کے مطابق عدالت کا مقصد ہے کہ فریقین کو شواہد کی اجازت دے اس کے بعد ٹھوس انصاف کرے۔فیصلے میں کہا گیا بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض کیا اس سٹیج پر لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا لیگل نوٹس متعلقہ قانون کی سیکشن آٹھ کے مطابق نہیں جاری کیا گیا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پانامہ لیکس کے معاملے پر رشوت کا جھوٹا الزام عائد کیا۔دعویٰ میں شہباز شریف نے لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست جمع کروائی جس کو عدالت نے منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کو ویڈیو لنک پر 18 جولائی کوصبح 10بجے جرح کیلئے طلب کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔