حکومت کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں، حکومت اور عوام کے درمیان اس وقت بہت زیادہ فاصلہ ہے: فواد چودھری ، محمد علی درانی، بیرسٹر سیف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے کہا ہے عمران خان کا حق ہے ذاتی معالج تک رسائی دی جائے، ملک میں ٹینشن گالم گلوچ کا ماحول ختم ہونا چاہیے، سب سیاسی رہنماؤں کو ڈائیلاگ کی طرف آنا چاہیے۔یہ بات نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔فواد چودھری نے کہا عمران خان کی صحت کے معاملے پر پوری قوم پریشانی کا شکار ہے، آپ عمران خان کے معالج کو رسائی دیں وہ جیل سے بتا دیں ان کے ساتھ کس کو ہونا ہے، یہ حق ہے ان کا انہیں ذاتی ڈاکٹرز تک رسائی حاصل ہو، سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا کہ صدر مملکت نے ایک نازیبا بیان دیا، اپنے بیان میں انہوں نے خواتین کو حقیر گردانا، یہ ناپسندیدہ بیان تھا، صدر مملکت کو لوگوں کو جوڑنا چاہیے، صدر مملکت کو اپنا بیان واپس لینا چاہیے، صدر مملکت عمران خان کے خلاف غیر ضروری بیان بازی کر رہے ہیں، اس وقت واحد حل قومی حکومت کا قیام ہے۔بیرسٹر محمد سیف نے کہا کہ ملک میں سیاسی صورتحال میں مفاہمت کی ضرورت ہے، نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی ملک کی سیاست میں مثبت کردار ادا کررہی ہے، ملک کے آدھے سے زیادہ حصے کو دہشت گردی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، پاکستان میں اس وقت ایک متحد قوم کی ضرورت ہے، ملک میں ٹینشن گالم گلوچ کا ماحول ختم ہونا چاہیے، سب سیاسی رہنماؤں کو ڈائیلاگ کی طرف آنا چاہیے۔