کراچی: سلسلۂ عظیمیہ کے روحانی پیشوا اور معروف صوفی اسکالر خواجہ شمس الدین عظیمی 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق وہ فالج اور ہارٹ اٹیک کے باعث 10 روز سے زیرِ علاج تھے۔ ان کے انتقال کی تصدیق انتظامیہ سلسلۂ عظیمیہ نے کی ہے۔انتظامیہ کے مطابق خواجہ شمس الدین عظیمی کی نماز جنازہ اور تدفین کے حوالے سے اعلان آج رات تک کیا جائے گا۔
حیات و خدمات:
خواجہ شمس الدین عظیمی 17 اکتوبر 1927ء کو سہارنپور، ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان میں صوفی ازم، روحانی علوم اور مراقبہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے رہنما تھے۔ انہوں نے سلسلۂ عظیمیہ کے تحت مراقبہ ہالز کا قیام کیا اور اپنی تصانیف کے ذریعے روحانی علوم کی ترویج کی۔ان کے انتقال پر مختلف مذہبی و روحانی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔