اسلام آباد: اپوزیشن رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز اور جیل میں وکلاء کی عدم رسائی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کیسز کی تاریخیں مسلسل تبدیل ہو رہی ہیں اور عدالتی حکم کے باوجود ملاقاتوں کے وقت میں تبدیلی کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے وکلاء کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مشکلات کا سامنا ہے۔عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ جیل ٹرائل کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت کے حوالے سے چیف جسٹس سے بات کی گئی۔ انہوں نے چیف جسٹس کو آگاہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے قانونی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں اور ان کے وکلاء کو مناسب طریقے سے رسائی نہیں دی جا رہی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے عدلیہ سے درخواست کی کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز میں شفافیت اور قانونی تقاضے پورے کرنے کو یقینی بنائیں۔ ملاقات کے دوران دیگر قانونی معاملات اور جیل میں سیاسی رہنماؤں کی سہولیات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔