آئی ایم ایف وفد کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات آج ہوگی

آئی ایم ایف وفد کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات آج ہوگی

اسلام آباد:عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا خصوصی وفد آج چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کرے گا۔

 ذرائع کے مطابق یہ ملاقات صبح 11 بج کر 30 منٹ پر ہوگی، جس میں چیف جسٹس عدالتی نظام اور اس میں اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف ایم ڈی سے دبئی میں ملاقات
دوسری جانب، پاکستان کو ایک بلین ڈالر قرض کی دوسری قسط کے لیے جائزہ مذاکرات سے تین ہفتے قبل وزیر اعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی آج دبئی میں ملاقات طے ہے۔حکومتی اور سفارتی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات دبئی میں ہونے والے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ اجلاس کے موقع پر ہوگی۔ ملاقات کی درخواست پاکستان کی جانب سے کی گئی تھی، جبکہ متحدہ عرب امارات کی حکومت سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد
وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، کابینہ کے دیگر اہم ارکان، اور اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہوگا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بھی پرتگال کے شہر لزبن سے واپسی پر اجلاس میں شامل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ملاقات کی تفصیلات
وزیر اعظم اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات کا مقصد فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا۔ تاہم، اس ملاقات پر آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔