خیبرپختونخوا کے مقابلے میں پنجاب کی کارکردگی ایک فیصد بھی نہیں‘ مریم نواز مناظرہ کرلیں علی امین گنڈا پورا

 پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے اسی طرح وزیراعلی پنجاب، کے پی حکومت کی طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دیں

وزیر اعظم میرا چاچا نہیں اور نہ ہی میں پی ڈی ایم کی حکومت کا حصہ ہوں،مریم نواز اپنے صوبے کے لوگوں کو خیبر پختونخوا جیسی سہولیات دیں،عمران خان آئے گا سب ٹھیک کرے گا، نظریات  قید نہیں کر سکتے
پشاور(آئی این پی)وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو براہ راست چیلنجز دے دیے۔علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا کے طلبہ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے انہیں مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا  اور کہا  پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے اسی طرح وزیراعلی پنجاب، کے پی حکومت کی طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا ، اب لائف انشورنس کی سہولت دے رہے ہیں۔ ۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ پنجاب حکومت بھی اپنی پوری آبادی کو یہ سہولیات دے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ  ہم نے مشکل حالات کے باوجود اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا ہے، پنجاب بھی اپنی آمدن 12 فیصد سے 55 فیصد تک بڑھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے۔  خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل کیا ہے ، باقی کسی دوسرے صوبے نے نہیں کیا۔ پنجاب کو آئی ایم ایف کی طرف سے 300 ارب روپے سرپلس کا ہدف دیا گیا تھا، پنجاب حکومت نے الٹا 146 ارب روپے کا  خسارہ کیا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم 4ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہے ہیں اور ہر بچی کو 2لاکھ روپے دے رہے ہیں۔ چیلنج کرتا ہوں پنجاب کی کارکردگی ہماری ایک فیصد کارکردگی کے برابر بھی نہیں، میں اس پر مناظرے کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے کہا  عمران خان آئے گا سب ٹھیک کرے گا، ریاست کو بھی کہتا ہوں نظریات کو قید نہیں کر سکتے