ملک کے مختلف شہروں میں باران رحمت‘کئی ماہ کی خشک سالی ختم پہاڑ بھی برف سے ڈھک گئے

لاہور‘اسلام آباد‘راولپنڈی‘ فیصل آباد،گو جرانوالہ،گجرات،حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں  او رآ زاد کشمیر میں بارش ‘خیبرپختونخوا میں بھی بادل برس پڑے

ٹھوکر نیاز بیگ میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق‘، ملکہ کوہسار مری نے سفید چادر اوڑھ لی،پہاڑوں پر   5 انچ تک برف پڑ گئی‘مزید بارش کی پیشگوئی
لاہور‘اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد ،راولپنڈی‘ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طویل عرصے بعد تیز بارش ہوئی ہے۔ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خو شگوار ہوگیا،شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور رب کے حضور شکر ادا کیا۔بدھ  و جمعرات کی درمیانی رات لاہور ، فیصل آباد،گو جرانوالہ،گجرات،حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں  او آ زاد کشمیر میں بارش ہوئی۔اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے جبکہ کوہ سفید پر برف باری بھی ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی اسلام  آ باد، بالائی پنجاب،خیبرپختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔اس کے علاوہ خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ادھر کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، پشاور میں موسلا دھار بارش ہونے سے موسم سرد ہوگیا۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باران  رحمت ہوئی، کوئٹہ سمیت مختلف شہریوں میں و قفے  و قفے سے بارش ہوئی، خنکی بڑھ گئی، سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، گھوٹکی، اوباڑو اور گردونواح میں بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا۔طویل وقفے کے بعد برفباری سے ملکہ کوہسار مری نے سفید چادر اوڑھ لی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری کے اونچے پہاڑوں پر اب تک 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ لاہور میں بارش کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ میں خستہ حال چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی‘محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف شہروں میں مزید بارش کاامکان ہے