فیکٹری بوائلر دھماکہ، مرنے والوں کی تعداد7ہوگئی

5روزقبل 1 مزدور جاں بحق،8زخمی ہوئے تھے مزید6باری باری چل بسے
کالا شاہ کاکو(خصوصی رپورٹ) نواحی علاقہ ڈالہ واہگہ میں فیکٹری بوائلر دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7تک پہنچ گئی، ٹائر جلا کر تیل نکالنے والی فیکٹری میں حادثہ کے دوران 9افراد زخمی ہوئے تھے جو ہسپتال میں باری باری موت کی وادی میں اترتے چلے گئے۔تمام افراد کا تعلق کالا شاہ کاکو کی مزدور بستی لیبر کالونی سے تھا۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے غفلت کو مظاہرہ کرنے پر ضلع کونسل اور محکمہ ماحولیات کے دو افسران کو معطل کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پانچ روز قبل نواحی علاقہ ڈالہ واہگہ میں قائم پرانے ٹائر جلا کر تیل نکالنے والی فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے سجاد نامی ایک نوجوان موقع پر جاں بحق، جبکہ8افراد بری طرح جھلس گئے تھے۔ ریسکیو1122کی ٹیموں نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہسپتال مریدکے منتقل کیا جہاں تشویشناک حالت کے پیش نظر تمام زخمیوں کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال سے روزانہ ایک سے دو افراد کی موت کی خبر آنے کا سلسلہ جا ری رہا۔ پہلے روز سجاد، دوسرے روز شاہد بٹ، تیسرے روز اسد شاہ، ارشد بھلر اور عبد الرزاق جبکہ پانچویں روز علی حسن اور تجمل شاہ کی لاشیں ورثا کو موصول ہو گئیں۔ عام خیال کئے جانے والے حادثہ میں تاحال سات افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پولیس نے نائب تحصیلدار کی مدعیت میں فیکٹری مالک ماجد شیخ، ضلع کونسل کے انفورسمنٹ انسپکٹر اصغر علی اور انوائرنمنٹ پروٹیکش اتھارٹی کے انسپکٹر حامد علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم ابھی تک ایک بھی ملزم کو گرفتار نہ کیا جا سکا۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے دونوں سرکاری ملازمین کو فوری طور پر ملازمت سے معطل کرتے ہوئے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ورثا کے مطابق ان کے پیاروں کو ہسپتال میں کوئی بھی اتھارٹی پوچھنے نہیں آئی اور وہ باری باری موت کی وادی میں اترتے رہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی عمریں 22سے 32سال کے درمیان تھیں اور ان میں سے اسد شاہ اور تجمل شاہ آپس میں چچا بھتیجا تھجے۔