کراچی(آئی این پی ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپروں سے شہریوں کی آئے روز اموات کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خود میدان میں آنے کا اعلان کر دیا۔گورنر ہائوس میں میڈیاسے گفتگوتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا ایک دو سالہ بچی کا سر ڈمپر نے کچل دیا، دن ہو رات ہو شہر کراچی میں ڈمپر لیکر سڑکوں پر دندناتے پھر رہے ہیں۔گورنر سندھ کا کہنا تھا اب یہ معاملہ نہیں رکا تو ان ڈمپروں کو روکنے کے لیے آپ کو یہ گورنر ڈمپروں کے آگے نظر آئے گا۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈمپر نہیں رکے تو اس پر وہ ایکشن ہوگا کہ سب یاد رکھیں گے، اگر شہر میں ڈمپر کسی قانون کے تحت نہیں چل رہے تو ڈی آئی جی ٹریفک کو بتانا ہوگا کیوں قانون پر عمل نہیں ہو رہا ؟۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا میں ان معاملات پر عدالت ضرور جائوں گا، کیا اس شہر کے بچے لاوراث ہیں جو اس طرح سے مارے جا رہے ہیں؟ بس ہوگئی اب مزید ایسا نہیں کرنے دیں گے۔