پاکستان کا معاشی حب گیس کی لوڈشیڈنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا: شرجیل میمن

گیس کی مسلسل فراہمی کی کمی نے عوام میں بڑے پیمانے پر بے یقینی اور مایوسی پیدا کر دی ہے،سینئر وزیرسندھ
     کراچی(آئی این پی ) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی سمیت پورا صوبہ سندھ گیس کی لوڈشیڈنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسلسل مسئلہ تشویشناک حد تک پہنچ گیا ہے، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گیس کی لوڈشیڈنگ سے روزمرہ کی زندگی اور صنعتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس کی مسلسل فراہمی کی کمی نے عوام میں بڑے پیمانے پر بے یقینی اور مایوسی پیدا کر دی ہے، وفاقی حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے، سردیوں کے مہینوں میں وفاقی حکومت گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قدرتی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے، وزیر اعظم اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کو ترجیح دیں۔