بچوں کو اس لیے قتل کیا وہ چیختے تھے، اس کی جو سزا ملے گی وہ کم ہو گی، نہ میرے بچے مجھے معاف کریں گے اور نہ ہی اللہ،ملزمہ ماں
بیوی کا ذہنی توازن بگڑ گیا تھا، اپنے ننھے بچوں کا خون معاف کرتا ہوں،غم سے نڈھال باپ، خاتون ذہنی مریضہ تھی،محلے دار
نواب شاہ(آئی این پی ) نواب شاہ میں ایک ماں نے اپنے جڑواں بچوں کے گلے ہی کاٹ دئیے۔تفصیل کے مطابق نوابشاہ کے علاقے غریب آباد کی رہائشی خاتون نے گذشتہ روز اپنے دو 5سالہ جڑواں بچوں محمد رضا اور محمد حمزہ کو صرف اس لیے قتل کیا کہ وہ چیختے اور چلاتے تھے۔اپنے بچوں کو قتل کرنے والی ماں کا کہنا تھا کہ بچوں کو اس لیے بے دردی سے قتل کیا کہ وہ چیختے تھے، اس کی جو سزا ملے گی وہ کم ہو گی، نہ میرے بچے مجھے معاف کریں گے اور نہ ہی اللہ۔غم سے نڈھال مقتول بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ جب سے بچے پیدا ہوئے اس کی بیوی کا ذہنی توازن بگڑ گیا تھا، اپنے ننھے بچوں کا خون بیوی کو معاف کرتا ہوں۔ محلے داروں کا بھی کہنا ہے کہ خاتون ذہنی مریضہ تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ کے خلاف اب تک مقدمے کی درخواست نہیں دی گئی، اگر ورثاء کی جانب سے مقدمہ نہیں کرایا گیا تو سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا جائے گا، ملزمہ کا میڈیکل کرانے کے ساتھ ساتھ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے گی۔