خالد سومرو قتل کیس: تمام ملزمان کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا

 سزائے موت ہونی چاہیے تھی، فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے،مولانا راشد سومرو
 سکھر(آئی این پی ) انسدادہ دہشتگردی عدالت نے جے یو آئی( ف) کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنادی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عبد الرحمن قاضی نے خالد محمود سومرو قتل کا مختصر فیصلہ سنایا، عدالت نے تمام 6ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی۔جے یو آئی رہنما خالد محمود سومرو کو 29نومبر 2014کو سکھر میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ ملزمان  حنیف بھٹو، سارنگ ٹوٹانی، مشتاق مہر، دریا خان جمالی، لطف جمالی اور الطاف جمالی دسمبر 2014 سے سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ملزمان کو قتل اور دہتشتگردی کے الزام میں عمر قید اور اسلحہ رکھنے کے الزام میں 7، 7سال قید کی سزا سنائی۔مولانا راشد محمود سومرو کا فیصلے پرردعمل دیتے ہوئے کہنا  تھا کہ جرم ثابت ہونے پر سزائے موت ہونی چاہیے تھی، فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔