شامی وزیر خارجہ کا جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات

شامی وزیر خارجہ کا جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات

پاکستان کے دورے پر موجود شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔

دورہ کے دوران، شام کے وزیر خارجہ نے سربراہ پاک فوج، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال، اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کو علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔اس موقع پر، شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے پاک فوج کے علاقائی امن و استحکام میں پیشہ ورانہ کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں روابط کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا، تاکہ علاقائی استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔یہ دورہ پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کے امکانات کو بڑھانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔