مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون کے فروغ کا عزم ظاہر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس ملاقات میں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر دفاع، سکیورٹی، عسکری روابط، تربیتی اشتراک اور علاقائی امن و استحکام کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ دفاع اور دیگر سٹریٹجک شعبوں میں ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جائے گا اور دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد نے مصر کی قیادت کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اعلیٰ سطحی رابطوں کا جاری رہنا بہت اہم ہے تاکہ ابھرتے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔