صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے تو جلد اپنا پلان الیکشن کمیشن کے سامنے مشاورت کیلئے پیش کرے
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں صوبائی کابینہ کمیٹی کی تجاویز کوسراہتے ہیں: چیف الیکشن کمشنر
لاہور(آئی این پی )الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پنجاب حکومت کے درمیان 15 دسمبر2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے پر اتفاق ہوگیا ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئین پاکستان کےآرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضہ ہے ۔۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی 15دسمبر 2026سے 15جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کروانے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ اگر صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے تو اس سلسلے میں جلد ازجلد اپنا پلان الیکشن کمیشن کے سامنے مشاورت کیلئے پیش کرے۔ چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ اس سے ایک آئینی ذمہ داری کو مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔