پنجاب میں بلدیاتی انتخابات تاخیرکا شکار، الیکشن کمیشن نے جنوری تک مہلت دے دی

 انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،  حلقہ بندی کیلئے تمام معلومات، نقشے اور رولز فراہم کرنا ہوں گے:چیف الیکشن کمشنر
حکومت پنجاب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے ‘حلقہ بندی رولز کا ڈرافٹ  الیکشن کمیشن کو فراہم کر دیا گیا ہے:چیف سیکرٹری پنجاب 
اسلام آباد (آن لائن) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئے، کیونکہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو  حدبندی رولز  کی تیاری کے لیے مزید اڑھائی ماہ کی مہلت  دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انتخابات کا شیڈول جنوری 2026  تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر  سکندر سلطان راجہ  کی سربراہی میں جمعہ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ  بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، اور بروقت حلقہ بندی کے لیے پنجاب حکومت کو تمام درکار معلومات، نقشہ جات اور رولز فراہم کرنا ہوں گے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب  نے اجلاس کو بتایا کہ حکومتِ پنجاب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے اور حلقہ بندی رولز کا ڈرافٹ  الیکشن کمیشن کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ  کنڈکٹ آف الیکشن رولز  کا مسودہ  15 نومبر  تک الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا۔ درجہ بندی نوٹیفکیشنز   22 دسمبر  تک فراہم کیے جائیں گے۔ یونین کونسلوں کے نوٹیفکیشنز   31 دسمبر  تک ارسال کیے جائیں گے۔ تمام اداروں کے مصدقہ نقشہ جات   10 جنوری 2026  تک جمع کرائے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری کے مطابق، ان تمام دستاویزات کی فراہمی کے بعد الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر سکے گا