کراچی (نیٹ نیوز)کراچی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث مختلف حادثات سے اموات کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔کراچی میں کل کی سیلابی صورتحال کے اثرات آج بھی شہر کی سڑکوں پر خراب گاڑیاں اورگڑھوں کی صورت نظر آرہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید میں پچھلے 24 گھنٹے میں 178 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ پر 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کل کی سیلابی صورتحال کے بعد اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کا سلسلہ جاری ہے۔کارساز، ملیر ہالٹ اور دیگر مقامات پر خراب گاڑیاں سڑکوں پر موجود ہیں۔ اولڈ سٹی ایریا، آرام باغ، سندھ ہائی کورٹ، لیاقت آباد، یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں برساتی پانی جمع ہے۔بارش کے باعث مختلف حادثات میں بچے اور خاتون سمیت 17 افراد جاں بحق ہوئے۔پولیس کے مطابق پی ای سی ایچ ایس میں مکان میں جمع پانی سے معمر شخص کی لاش ملی ہے، 70 سال کا معذور شخص گھر میں اکیلا رہتا تھا، ابتدائی معلومات کے مطابق معمر شخص بستر سے نیچے پانی میں گرا۔