پی ٹی آئی رہنماؤں کے حکومت ، دیگر قیادت سے رابطے
حکومت اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے،پی ٹی آئی رہنماؤں نے ہمیں قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے چاہئیں، مذاکرات پی ٹی آئی کی ٹیم اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی قائم کردہ کمیٹی کے درمیان ہوں گے۔ بانی کی رہائی پر بات نہیں ہوگی ، اپنی بیگناہی عدالت میں ثابت کریں :وزیرِ مملکت عقیل ملک
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،خصوصی رپورٹ)اسلام آبادوزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے، تاہم عمران خان کی جیل سے رہائی ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔ بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ انہیں مذاکرات ’چند دنوں میں شروع ہوتے ہوئے‘ دکھائی دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ہم سے اور دیگر قیادت سے رابطے کیے ہیں اور ہمیں قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن بھی اس بات پر متفق ہے کہ وہ 9 مئی کے واقعات کے بعد قیادت کی سزاؤں اور نااہلیوں کے تناظر میں ’کسی نہ کسی راستے‘ کی تلاش میں ہیں۔ گزشتہ سال متعدد مقدمات میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات شدید خراب ہوگئے تھے۔بعد ازاں، دسمبر میں عمران خان نے ’کسی سے بھی‘ مذاکرات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کے جواب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ایک کمیٹی بنائی تھی۔تاہم، کئی مذاکرات کے دور کے باوجود کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا اور مذاکرات اچانک ختم ہوگئے تھے، جبکہ 9 مئی کے کیسز میں پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو حالیہ دنوں میں سزائیں سنائی گئیں جس کے بعد یہ تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے تھے۔پروگرام میں گفتگو کے دوران وزیر مملکت برائے قانون و انصاف کا کہنا تھا کہ مذاکرات پی ٹی آئی کی ٹیم اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی قائم کردہ کمیٹی کے درمیان ہوں گے۔تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان مذاکرات میں عمران خان کی رہائی پر بات نہیں ہوگی کیونکہ یہ ’حکومت کے اختیار میں نہیں ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم انہیں درجنوں بار کہہ چکے ہیں کہ عدالتوں کا راستہ اختیار کریں، اپنی بیگناہی عدالت میں ثابت کریں جس کے بعد ہی بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہے، حکومت کسی صورت انہیں آزاد یا رہا نہیں کر سکتی۔