ساندہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 10 سالہ بچی کو ہراساں کرنے والے اوباش حجام کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق بچی روزانہ اسکول اور عربی قاعدہ پڑھنے کے لیے بازار سے گزرتی تھی، جہاں ملزم اجمل کی حجام کی دکان تھی۔ ملزم کافی عرصے سے بچی کو دوستی اور شاپنگ کے بہانے ورغلا کر قریبی بازار جانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی فلٹر سے پانی بھرنے گئی، ملزم اجمل نے اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی لیکن بچی کی والدہ موقع پر پہنچ گئیں۔ ملزم فوری طور پر وہاں سے فرار ہوگیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق متاثرہ بچی کی والدہ نسیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم اجمل کو گرفتار کر لیا۔ایس پی نے ایس ایچ او ساندہ انسپکٹر شرجیل اور پوری پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔