لاہور کے علاقے گوالمنڈی میں 7 سالہ بچی سے مبینہ نازیبا حرکات کے مقدمے میں مطلوب ملزم پولیس کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم چوری شدہ موٹر سائیکل پر سوار تھا اور ناکے پر رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گوالمنڈی پولیس معمول کے مطابق ناکہ چیکنگ کر رہی تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم اس نے پولیس کی ہدایت پر عمل کرنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق ملزم نے موٹر سائیکل تیز رفتاری سے نکالنے کی کوشش کی، تاہم اس کی موٹر سائیکل ڈیوٹی پر موجود ایک اہلکار سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل بے قابو ہوکر گر گئی اور سوار زخمی ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار کو اٹھایا تو اس کا بازو حرکت نہیں کر رہا تھا۔ بعد ازاں ملزم کی شناخت آکاش کے نام سے ہوئی، جبکہ موٹر سائیکل کی تصدیق کرنے پر وہ بھی چوری شدہ نکلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ آکاش 7 سالہ بچی سے مبینہ نازیبا حرکات کے مقدمے میں گوالمنڈی پولیس کو مطلوب تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزم کو بچی کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔