پنجاب پولیس نے فیصل آباد میں ایک 9 سالہ بچی کو ہراساں کرنے والے دو اوباش ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی اور گلی میں دو لڑکے اُسے تنگ کر رہے تھے۔ بچی نے شور مچایا جس پر اس کی والدہ گھر سے باہر آئیں اور ملزمان کو روکا، لیکن اس کے بعد ملزمان نے خاتون کے ساتھ بھی بدتمیزی شروع کر دی۔اس واقعے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد، شہری نے 15 پر کال کرکے پولیس کی مدد طلب کی۔ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو موقع پر روانہ کیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران یہ معلوم کیا کہ ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر خاتون اور بچی کو ہراساں کیا اور انہیں پریشان کیا۔
پولیس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن ظلم و تشدد کی شکار خواتین کو فوری مدد فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے اور اس قسم کی شکایات پر فوراً ایکشن لیا جاتا ہے تاکہ متاثرین کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔