پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ پارلیمنٹ تک پہنچ گیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ پارلیمنٹ تک پہنچ گیا

اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی اور سیکریٹری جنرل رانا مجاہد کو طلب کرلیا ہے۔ دونوں حکام کو 25 اگست کو طلب کیا گیا ہے، جہاں وہ قومی کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنسز کی عدم ادائیگی کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔اس کے علاوہ کمیٹی اجلاس میں پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی تاکہ مستقبل کے لائحہ عمل اور مالیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکے۔

مزید برآں، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ کو بھی اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاسر پیرزادہ ہاکی فیڈریشن کے مالی تنازعات اور مبینہ بے ضابطگیوں پر کمیٹی کو جامع بریفنگ پیش کریں گے۔پارلیمانی کمیٹی اس معاملے کی روشنی میں فیصلہ کرے گی کہ کھلاڑیوں کے مسائل کے حل اور فیڈریشن کے معاملات میں شفافیت کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے یا نہیں۔