وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 10 ستمبر تک جاری رہے گا اور اس کے بعد آنے والا مون سون زیادہ شدت والا ہوگا۔
انہوں نے عوام اور متعلقہ اداروں کو آج سے ہی تیار رہنے کی ہدایت کی۔میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے پختونخوا میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پہاڑوں سے قدرتی طور پر گرنے والے پتھر، کلاؤڈ برسٹ یا سیلاب کے دوران تنکوں کی طرح بہہ آتے ہیں، بالکل بونیر میں پیش آنے والے حادثے کی طرح۔انہوں نے کہا کہ جب سیلاب کے راستے میں ہوٹل، ریزورٹس یا دیگر عمارتیں آتی ہیں اور وہ ٹوٹتی ہیں تو ان کے کنکریٹ اور بڑے گارڈر نیچے بستیوں پر گر کر تباہی پھیلاتے ہیں۔ یہ صرف چھت گرنے کا نقصان نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر انسانی اور مالی نقصان کا سبب بنتا ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے زور دیا کہ آئندہ مون سون کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ابتدائی تیاری اور حفاظتی اقدامات لازمی ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر نقصان سے بچا جا سکے۔