18 سال کی کرپشن اور نااہلی نے کراچی کو ڈبو دیا، حلیم عادل شیخ

 پی پی کراچی دشمن جماعت ، جسے عوام کی تکلیف اور شہر کی تباہی سے کوئی غرض نہیں
 کراچی (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 18 سال کی کرپشن اور نااہلی نے کراچی کو ڈبو دیا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کراچی بارش کے بعد ڈوب گیا، شہر کی سڑکیں جھیلیں بن گئیں، لاکھوں گاڑیاں پھنسی رہیں، گھروں میں پانی داخل ہو گیا، لوگ بے یار و مددگار پھنسے رہے لیکن سندھ حکومت، پیپلزپارٹی کی کے ایم سی اور تمام بلدیاتی ادارے کہیں نظر نہ آئے۔سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ اٹھارہ سال کی کرپشن اور نااہلی نے کراچی کو ڈبو دیا، عوام اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں پر تھے جب کہ حکمران عیاشیوں میں مصروف رہے، اللہ کے کرم سے پی ٹی آئی کے نمائندے اور تنظیم عوام کے درمیان موجود رہی اور خدمت کی، کل کی بارش نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پیپلزپارٹی کراچی دشمن جماعت ہے، جسے عوام کی تکلیف اور شہر کی تباہی سے کوئی غرض نہیں۔