صوابی میں مکانات گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد42 اورخیبرپختونخوا میں سیلاب سے اموات کی تعداد 377 تک پہنچ گئی
بھارتی پانی سے ہزاروں ایکڑ پر فصلیں زیر آب‘بہاولپور میں ڈیرہ بکھا کے قریب بند ٹوٹ گیا‘قصور میں گنڈا سنگھ والا سے ملحقہ دیہات میں پانی داخل
کراچی‘پشاور‘لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)کراچی میں دوسرے روز بھی تیز بارش ہوئی جس کے باعث سڑکوں پر پانی کھڑ اہوگیا جبکہ گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا‘مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد16ہوگئی‘دریں اثناء خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں اموات کی تعداد 377 تک پہنچ گئی ۔صوابی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے گدون امازئی میں کلاوڈ برسٹ، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات کے سبب جاں بحق افراد کی تعداد 42 تک پہنچ گئی۔بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پانی کی سطح میں اضافے کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا‘ دریائے ستلج میں اضافی پانی چھوڑے جانے کے بعد ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر بھی پانی کی سطح بڑھ گئی ۔دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث بہاولپور میں ڈیرہ بکھا کے قریب زمیندارہ بند ٹوٹ گیا اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی تیار فصلیں زیرِ آب آ گئیں، پانی کی سطح میں اضافے سے ایمپریس برج پر بھی دبا بڑھنے لگا ہے۔قصور میں گنڈا سنگھ والا سے ملحقہ دیہات میں پانی داخل ہونے سے فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں جبکہ پاکپتن اور عارف والا میں سیلابی صورتحال کے باعث احتیاطی اقدامات کرلیے گئے ہیں