رات گئے زلزلہ ، پورا ملک لرز اٹھا
آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، دیر بالا، وزیرآباد، چکوال،ہری پور، ایبٹ آباد ، نوشہرہ ،چارسدہ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سوات میں سہولیات موجود،زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان کی شدت 6 اور گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی
لاہور ( خصوسی رپورٹ) لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ہری پور، ایبٹ آباد ، نوشہرہ ،چارسدہ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سوات میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، دیر بالا، وزیرآباد، چکوال اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اور گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلے کے باعث فی الحال کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔اس موقع پر گھروں میں سوئے افراد اٹھ کر باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔اس کے بعد رات 12 بج کر 38 منٹ پر4.6 شدت کے آفٹر شاکس اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔افغانستان میں 6.0 شدت کا خوفناک زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبیننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا اور تقریبا 20 منٹ بعد ہی اسی صوبے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ننگرہار کے محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔